وزیراعظم عمران خان اور افغان صدراشرف غنی کی ون آن ون ملاقات
پاکستان کے دوروزہ دورے پر آئے افغان صدر اشرف غنی نے وزیراعظم عمران خان سے ون آن ون ملاقات کی ، ملاقات میں باہمی افغان امن عمل،دو طرفہ تعلقات اور علاقائی سیکیورٹی کی صورتحال سمیت دیگر اہم امور پر گفتگو کی گئی ۔ وزیراعظم عمران خان کی دعوت پر افغان صدر اشرف غنی 2 روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچے تو مشیر تجارت عبدالرزاق داد نے ان کا استقبال کیا، افغان صدر کے ہمراہ افغان سفیر عاطف مشعال اور دفترخارجہ کے اعلی افسران بھی موجود تھے۔افغان صدر اشرف غنی کا وزیراعظم ہائوس آمد پر پرتپاک استقبال کیا گیا، وزیراعظم عمران خان نے معزز مہمان کا استقبال کیا، افغان صدر اشرف غنی کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا ،انہوں نے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا اس موقع پر دونوں ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے۔بعد ازاں وزیراعظم عمران خان اورافغان صدر اشرف غنی نے ایک دوسرے سے اپنی اپنی کابینہ کا تعارف بھی کرایا۔وزیراعظم سے افغان صدرنے وزیراعظم ہائوس میں ون آن ون ملاقات بھی کی جس میں باہمی افغان امن عمل سمیت دیگر اہم امور پر گفتگو کی گئی،افغان صدر اور وزیر اعظم عمران خان کے مابین وفود کی سطح پر ملاقات میں مختلف شعبوں میں پاک افغان تعاون کو فروغ دینے پر بات چیت کی گئی۔ملاقات میں تجارت، معیشت، سیاست، سیکیورٹی، امن کی صورت حال اور تعلیم سمیت مختلف امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔قبل ازیں افغان صدراشرف غنی نے اسلام آباد میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات، افغان امن عمل، تجارت میں اضافے، معیشت، سرمایہ کاری کے فروغ، مواصلات اور توانائی کے شعبے میں تعاون پرتبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنمائوں میں امن واخوت کے لئے افغانستان پاکستان حکمت عملی کوعوام کی بہتری کے لئے بروئے کار لانے پر اتفاق کیا گیا۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے وزیر اعظم اور پاکستانی عوام کی طرف سے افغان صدر کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ افغانستان اور پاکستان کے مابین دیرینہ جغرافیائی اور تاریخی تعلقات ہیں، افغان عوام نے بے پناہ مصائب اورمشکلات کا سامنا کیا ہے، افغانستان میں پائیدارامن، استحکام اور خوشحالی پاکستان کے اپنے مفاد میں ہے، پاکستان نتیجہ خیز مذاکرات کی ضرورت پر ہمیشہ زوردیتا رہا ہے اور افغان امن عمل کے لئے کھلے دل اور نیک نیتی سے مصالحانہ کردار ادا کرتا رہے گا۔