امریکہ: کورونا وائرس کے یومیہ رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد نے گزشتہ تمام ریکارڈ توڑ دیے
امریکہ میں کورونا وائرس کے یومیہ رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد نے گزشتہ تمام ریکارڈ توڑ دیے۔ گزشتہ روز امریکہ میں کورونا وائرس کے نئے رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد 40 ہزار کے قریب پہنچ گئی جو کہ اب تک کی سب سے بڑی یومیہ تعداد ہے۔ تفصیلات کے مطابق امریکہ میں کورونا وائرس کی شدت کا نئے سرے سے آغاز ہو چکا ہے جس میں مہلک وائرس کے متاثرین کی تعداد میں تیزی کے ساتھ اضافہ ہو رہا ہے۔خبر ایجنسی نے جان ہاپکنز یونیورسٹی کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ امریکہ میں گزشتہ روز رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد 40 ہزار کے قریب پہنچ چکی ہے جو کہ امریکہ بھر میں کورونا وائرس کے ایک دن میں رپورٹ ہونے والے کیسز کی سب سے بڑی تعداد ہے۔اس سے قبل امریکہ میں سب سے زیادہ یومیہ کیسز سامنے آنے کا ریکارڈ 24 اپریل کو بنا جب ایک ہی دن میں 36 ہزار لوگ مہلک وائرس کا شکار ہوئے۔خبر رساں ادارے کے مطابق سب سے زیادہ کیسز فلوریڈا، ٹیکساس اور کیلفورنیا کی ریاستوں میں سامنے آئے ہیں جبکہ باقی امریکی ریاستوں میں بھی گزشتہ ایک ہفتے کے دوران کورونا کے کیسز میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ امریکہ دنیا کے تمام باقی ممالک کی نسبت کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے جہاں پر وائرس زدہ افراد کی تعداد 25 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے جبکہ ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد بھی 1 لاکھ 24 ہزار سے زیادہ ہے۔