ہمارے کوچنگ سٹاف کے پاس انگلینڈ میں کھیلنے کا وسیع تجربہ ہے جس کا ہمیں فائدہ ہوگا: کپتان اظہر علی
لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی کا کہنا ہے کہ ہمارے کوچنگ سٹاف کے پاس انگلینڈ میں کھیلنے کا وسیع تجربہ ہے جس کا ہمیں فائدہ ہوگا۔ ٹیم میں شامل مجھ سمیت کافی کھلاڑیوں کو انگلینڈ میں کھیلنے کا تجربہ ہے۔ بعض کھلاڑیوں کے کوویڈ 19 ٹیسٹ مثبت آنے پر پریشانی ہوئی تھی۔ انگلینڈ روانگی سے ایک روز قبل ویڈیو لنک کانفرنس کرتے ہوئے اظہر علی کا کہنا تھا کہ تمام کھلاڑیوں کے لئے انگلینڈ روانگی خوشی کی بات ہے۔ تمام کھلاڑی کرکٹ میں واپسی کے لئے پرجوش ہیں۔ اظہر علی کا کہنا تھا کہ انگلینڈ میں کراوڈ میں ہمیشہ پاکستانی ٹیم کو سپورٹ کیا ہے۔ اس مرتبہ کراوڈ نہیں ہوگا ہمیں بغیر کراوڈ کے بھی کھیلنے کا تجربہ حاصل ہے۔ تقریباً دس سال تک ہماری کرکٹ یو اے ای میں کھیلی گئی ہے جس میں کراوڈ کی تعداد نہ ہونے کے برابر ہوتی تھی۔ انگلینڈ میں میچز کے دوران شائقین کرکٹ کو بہت مس کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ انگلینڈ میں پاکستان ٹیم کی کارکردگی بہت اچھی رہی ہے۔ کوشش کریں گے کہ ہم اچھی پرفارمنس سے شائقین کرکٹ کو خوشگوار یادیں دیں۔کامیابی حاصل کرکے قوم کو موجودہ حالات میں خوشیاں دیں۔ انگلینڈ میں پچز سمینگ ہوتی ہیں وہاں جاکر حالات دیکھ کر فیصلہ کریں گے کہ ہمارا حتمی سکواڈ کیا ہوگا۔ تمام لڑکے مثبت سوچ کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔ کوشش کروں گا کہ اپنی بیٹنگ کی کارکردگی کو بہتر بناوں۔ اظہر علی کا کہنا تھا کہ انگلینڈ کا باولنگ اٹیک بہت اچھا ہے۔ جوفرا آرچر کے علاوہ باقی تمام باولرز کی موجودگی میں ہم نے انگلینڈ کو شکست دی۔ ہمارے بلے بازوں نے حالیہ میچزمیں بہترین کارکردگی دکھائی ہے۔ ہماری باولنگ تجر بے میں کم ہے مگر سکلز بہترین ہے ۔ کوشش کریں گے کہ باولرز کی سکلز سے باولرز کے تجربے کی کمی کو پورا کیا جائے۔ ہماری بیٹنگ تجربہ کار ہے کوشش ہوگی کہ اس کا فائدہ اٹھایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ کوویڈ 19 ٹیسٹنگ کا کوئی خوف نہیں تھا کیونکہ تمام کھلاڑی مکمل طور پر فٹ دکھائی دے رہے تھے تاہم اس وقت ضرور پریشیانی ہوئی جب کچھ کھلاڑیوں کا ٹیسٹ مثبت آ گیا۔ امید ہے کہ محمد رضوان اور شاداب خان جلد صحت یاب ہوکر ٹیم کو جوائن کریں گے۔