عوام نے پرامن، ترقی پسند اور خوشحال سندھ کا انتخاب کیا ہے:بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں کامیابی پر بلاول بھٹو کی مبارکباد

کراچی: پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے سندھ کے 14 اضلاع میں ہونے والے پہلے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات میں غیرمعمولی کارکردگی پر مبارکباد دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں کہا کہ عوام نے پرامن، ترقی پسند اور خوشحال سندھ کا انتخاب کیا ہے، عوام نے نفرت، تقسیم، مذہب اور قومیت کی سیاست کو مسترد کر دیا اور جناح کے پاکستان کا انتخاب کیا ہے۔واضح رہے کہ سندھ کے 14 اضلاع میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کی ہے اور دوسرے امیدواروں کو بہت ہی کم حلقوں میں جیت ملی ہے۔