عمران خان نفرتوں کے سوداگر ہے ، پاکستانیوں کو تقسیم کردیا: وزیر دفاع خواجہ آصف

اسلام آباد : وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ کینیڈا کو کشمیر، فلسطین اور روہنگیا سمیت دیگر مسلمان ممالک میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں نظر نہیں آتیں ۔ سابق وزیراعظم عمران خان نے اندرون و بیرون ملک پاکستانیوں کو تقسیم کردیا ہے، تارکین وطن پاکستان کا اثاثہ ہیں، ان کی بھجوائی گئی ترسیلات زر ہمارے زرمبادلہ کے ذخائر کا بڑا حصہ ہیں۔ پیر کو قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ اس ایوان کی توجہ ایک اہم مسئلہ کی جانب مبذول کرانا چاہتا ہوں کہ کچھ عرصہ پہلے چیف آف آرمی سٹاف کا کینیڈا کا دورہ شیڈول تھا وہاں پر کینیڈین پارلیمنٹ کے ایک رکن نے بلاوجہ تنقید کی ۔ انہوں نے کہا کہ ہم کسی بھی ملک کی پارلیمان کا احترام کرتے ہیں ہمیں کینیڈا کا بھی احترام ہے تاہم انہوں نے ہمارے ملک میں انسانی حقوق کی بات کی تو ہم انہیں یہ بتانا چاہتے ہیں کہ دوہرا معیار مغرب کا خاصا رہا ہے۔ وہ مسلمانوں کے ساتھ انصاف کا دوہرا معیار اختیار کرتے ہیں۔ کینیڈا میں سب سے زیادہ اسلاموفوبیا کے واقعات ہوئے ہیں۔