کراچی : محکمہ موسمیات نے گرمی کے ستائے کراچی کے شہریوں کو گرج چمک کیساتھ بارش کی خوشخبری سنادی۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں جاری جزوی ہیٹ ویو کا سلسلہ ختم ہوگیا لیکن گرمی کی شدت میں کمی نہ آ سکی۔ محکمہ موسمیات نے آج مضافات میں کہیں آندھی اور گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ جمعہ اورہفتہ کو بھی آندھی وگرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ وسم کا حال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40 ڈگری تک تجاوزکرسکتا ہے اور کل تک موسم انتہائی گرم ومرطوب رہنے کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ 27سے 29 جون تک تھرپارکر، عمرکوٹ، میرپور خاص، بدین ، ٹھٹھہ، ٹنڈو الہیار، سانگھڑ، حیدرآباد اورجامشورو میں بارش ہوسکتی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 28 اور 29 جون کو لاڑکانہ، قمبر شہداد کوٹ، سکھر، گھوٹکی سمیت دادو، نوشہروفیروز اور بینظیرآباد کے اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ محمکہ موسمیات کے مطابق آئندہ دو روز بعد سمندری ہوائیں مکمل بحال ہونے سے شہر قائد میں گرمی کی شدت میں کمی آنے کا امکان ہے۔
آندھی اور گرج چمک کیساتھ بارش
Jun 27, 2024 | 15:09