سیاسی کارکنوں کے بدلے انکے رشتہ داروں کی گرفتاری بھارتی پولیس کے ظلم وجبر کے واضح ثبوت ہیں۔ یاسین ملک
مقبوضہ کشمیرمیں جموںوکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے کہاہے کہ مقبوضہ علاقے میں ہزاروں نوجوانوں خاص طور پر طلباءاور حریت قائدین اور کارکنوں کی جمہوریت اور امن کے نام پر گرفتاری نے بھار تی جمہوریت کا چہرہ بے نقاب کردیا ہے۔ یاسین ملک نے جو سرینگرسینٹرل جیل میں نظربند ہیں ایک پیغام میں کہاکہ سیاسی کارکنوں کے بدلے انکے والدین اور بھائیوں کی گرفتاری کشمیر میں بھارتی پولیس کے ظلم و جبر اور منافقت کا واضح ثبوت ہیں۔ انہوںنے پورے مقبوضہ علاقے خاص طورپر جنوبی کشمیر میں بڑی تعداد میںکشمیری نوجوانوں اور طلباءکی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے ہزاروں لوگوں کو جیلوں اور پولیس اسٹیشنوں میں نظربند کرنے کے عمل کو جمہوریت کی بیخ کنی قراردیا۔یاسین ملک نے کہا کہ کشمیری عوام یہ سمجھنے سے قاصر ہےں کہ بھارت اور اسکے مقامی آلہ کار کشمیر میں کس قسم کی جمہوریت کے دعویدار ہیں جبکہ یہ لوگ کسی مخالف آواز کو اٹھنے سے قبل ہی دبانے اور آوازِ خلق کو پولیس، فوج اور فورسزکی طاقت، گرفتاریوں، جبر، خوف وہراس اور دیگر مظالم سے دبانے پرہی یقین رکھتے ہیں۔انہوںنے پلوامہ، اسلام آباد، کولگام اور سرینگر میں حالیہ گرفتاریوں کاحوالہ دیتے ہوئے کہاکہ کئی مقامات خاص طور پر شہر خاص کے علاقے نوہٹہ میں بھارتی پولیس نے سیاسی کارکنوںکے بدلے انکے والدین اور رشتہ داروں کو گرفتار کررکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ابھی کچھ ہی عرصہ قبل پولیس سربراہ ڈاکٹر وید نے دعویٰ کیاتھا کہ پر امن سیاسی سرگرمیوں کو جاری رکھنے کی اجازت دی جائیگی اور اسکے وہ ہمیں سیاسی و عسکری جنگ میں ایک دوسرے کے خاندانوں کو نہ چھیڑنے کا درس بھی دیتے نظر آئے۔ یاسین ملک نے کہاکہ آج پر امن سیاسی کارکنوں کے ساتھ پولیس کا رویہ یہ ہے کہ سیاسی کارکنوں کے والدین اور رشتہ داروں کو الیکشن اور جمہوریت کی آڑ میں پابند سلاسل کیا جارہا ہے اور انہیں ہراساں اور خوف زدہ کرنے کا عمل جاری ہے۔ انہوں نے ڈاکٹر وید سے سوال کیا کہ کیا وہ گرفتار کئے گئے والدین اور رشتہ داروں کی خطا بتا سکتے ہیںاورکیا ان کا یہ عمل پولیس کی اخلاقی پستی کا واضح ثبوت نہیں ہے ؟انہوںنے افسوس ظاہر کیا کہ سادہ کپڑوں میں ملبوس پولیس اہلکاروں نے پارٹی رہنماءمحمد یاسین بٹ جو نگین میں ایک تعزیتی تقریب میں موجود تھے کو گرفتار کرنے کی کوشش کی ۔ انہوںنے کہاکہ پولیس کی ان کارروائیوں کو ظلم و ستم کے سوا کوئی دوسرا نام نہیں دیا جاسکتا۔