کوئٹہ میں بارش کا پانی ذخیرہ کرنے کیلئے ڈیمزنہیں۔ آبی ماہر
حکومت بلوچستان کے آبی ماہرعبدالرازق خلجی نے کہا ہے کہ کوئٹہ میں بارش کے پانی کو ذخیرہ کرنے کے بڑے ڈیمز نہ ہونے کی وجہ سے حالیہ بارشوں کا زیادہ پانی جمع نہ ہوسکا ہے،تاہم صوبے کی زراعت پر ان بارشوں کے اچھے اثرات مرتب ہوں گے ۔حکومت بلوچستان کے آبی ماہر عبدالرازق خلجی نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ میں موسم سرمامیں ہونے والی بارشوں کی رفتار تیز تھی،جس کی وجہ سے ان کے اثرات زیرزمین پانی پر زیادہ نہیں پڑے ہیں،بلکہ زمین میں پانی جانے کی رفتار میں کمی ہوئی ہے۔انہوں نے بتایاکہ کوئٹہ میں پانی ذخیرہ کرنے والے بڑے ڈیم نہ ہونے کی وجہ سے بارشوں کا بیشتر پانی ندی نالوں میں بہہ کر افغانستان چلا گیا۔عبدالرزاق خلجی نے بتایا کہ حالیہ بارشوں کے مثبت اثرات زراعت پرہوئے ہیں،باغات اور کھیتوں میں بارشوں کی وجہ سے ٹیوب ویل کی مدد سے زیادہ پانی دینے کی ضرورت نہیں پڑی۔