سپریم کورٹ نے حشمت میڈیکل کالج جلال پور جٹاں کو مزید داخلوں سے روک دیا
سپریم کورٹ میں چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے حشمت میڈیکل کالج جلال پور جٹاں سے متعلق کیس کی سماعت کی۔ عدالت عظمٰی کا کہنا تھا کہ عدالتی حکم کے بغیر داخلوں کی اجازت نہیں ہوگی۔ عدالت نے طلبہ سے لی گئی اضافی فیسیں ایک ہفتے میں واپس کرنے کا حکم بھی جاری کیا۔ سپریم کورٹ نے ایف آئی اے سے اضافی فیسوں کی تحقیقاتی رپورٹ بھی طلب کر لی۔ سپریم کورٹ نے رفا یونیورسٹی کو تمام موجودہ طلبہ کا امتحان لینے کی ہدایت بھی کی ہے۔ عدالت کا کہنا ہے کہ قانونی تقاضے پورے نہ کیے گئے تو یونیورسٹی امتحان لینے کی پابند نہیں ہوگی۔ پی ایم ڈی سی سے ایک ہفتے میں میڈیکل کالج کی انسپکشن رپورٹ بھی طلب کرلی گئی ہے۔ کیس کی سماعت ایک ہفتے کیلئے ملتوی کر دی گئی ہے