سی پیک کا علاقائی ترقی میں اہم کردار، پرامن ریاست خوفزدہ نہ مجبور۔ جنرل باجوہ

آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے کہا ہے کہ سی پیک کاعلاقائی ترقی میں اہم کردارہے پاکستان پرامن ریاست ہے، اپنی دھرتی کے دفاع سے بڑھ کر کوئی چیز مقدس نہیں ،اپنافرض نبھانے کیلئے ہمیشہ تیار رہنے والی فوج کی قیادت پر فخر ہے، ہم نہ تو کسی سے خوفزدہ ہیں اور نہ ہی مجبور ہیں، آرمی چیف سے برطانوی جنرل اورچینی سفیر نےبھی ملاقات کی۔آئی ایس پی آر کے مطابق منگل کو آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کا دورہ کیا، نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی آمد پر لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض نے ان کا استقبال کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے چوتھی پاک برطانیہ استحکام کانفرنس کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے ملک کی اندرونی اور بیرونی سکیورٹی صورتحال سے آگاہ کیا جبکہ پاکستان اور خطے میں مستقل استحکام کے وژن کا بھی اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج کی قیادت کرنے پر فخر ہے، پاک فوج مادر وطن کے دفاع کیلئے ہر دم تیار ہے‘ پاکستان امن دوست ریاست ہے، ہم نہ تو کسی سے خوفزدہ ہیں اور نہ ہی مجبور ہیں۔آرمی چیف نےجیوپولیٹیکل صورتحال اور خطے کی معاشی ترقی کیلئے سی پیک کے کردار پر بھی روشنی ڈالی، آرمی چیف نےکہا کہ پرامن اور مستحکم پاکستان کے قیام کیلئے پر عزم ہیں، آئی ایس پی آر کے مطابق نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی میں آرمی چیف سے برطانوی فوج کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل پیٹرک سینڈرز نے ملاقات بھی کی جس میں علاقائی سلامتی کی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے پیشہ وارانہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔دریں اثناجنرل قمر جاوید باجوہ سے چین کے سفیر نے ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کےمطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔