وزیراعظم کے افغانستان سے متعلق بیان سیاق وسباق سے ہٹ کرپیش کیا گیا۔ دفتر خارجہ

ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹر فیصل نے کہا ہے کہ وزیراعظم کے افغانستان سے متعلق بیان سیاق وسباق سے ہٹ کرپیش کیا گیا۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا افغانستان سے متعلق بیان سیاق وسباق سے ہٹ کرپیش کیا گیا، وزیراعظم نے نگران حکومت کے تحت انتخابات کے پاکستان ماڈل کا حوالہ دیا تھا،بیان کی غلط تشریح سے غیر ضروری ردعمل سامنے آیا، وزیراعظم کے بیان کو افغانستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہ سمجھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان افغان امن عمل میں سہولت کیلئے ذاتی طورپردلچسپی لے رہے ہیں، پاکستان کا افغانستان میں امن و استحکام کے فروغ کے علاوہ کوئی مفاد نہیں، وزیراعظم افغانستان کے بہادر عوام کی مشکلات سے بخوبی آگاہ ہیں ، چار دہائیوں سے تشدد کاشکار افغان عوا م کو پرامن زندگی گزارنے کا حق حاصل ہے جب کہ افغان مفاہمتی عمل کے اہم موڑ پر پاکستان کی سنجیدہ کوششوں کو نظر انداز نہیں کرنا چاہئے ۔