پاکستان کاکالعدم تنظیم سے کوئی تعلق نہیں:وزیراعظم عمران خان
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ نئے پاکستان میں دہشت گرد تنظیموں کیلئے کوئی جگہ نہیں، پاکستان کا کالعدم تنظیم جیش محمد سے کوئی تعلق نہیں اور پاکستان میں دہشتگرد تنظیموں کیخلاف آج جو کچھ ہو رہا ہے اس سے قبل کبھی نہیں ہوا۔برطانوی جرید ے کو دئیے گئے انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ بھارت جنگی جنون میں مبتلا ہے، بھارت کے عام انتخابات سے قبل کچھ ہوسکتا ہے، بھارتی وزیراعظم مودی ایک ہیجان زدہ شخص ہیں، وہ حملے سے دونوں ممالک کو جنگ کے د ہا نے پر لے آئے۔ انہوں نے کہا کہ پلوامہ واقعہ مودی حکومت نے جنگی جنون پیدا کرنے کیلئے استعمال کیا، پلوامہ حملہ مودی کی مسلم مخالف حکومت اور مقبوضہ کشمیر میں ان کی سخت پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا کالعدم تنظیم جیش محمد سے کوئی تعلق نہیں، نئے پاکستان میں دہشت گرد تنظیموں کیلئے کوئی جگہ نہیں، ملک میں دہشت گردوں کے خلاف کریک ڈائون جاری ہے، پاکستان میں دہشتگرد تنظیموں کیخلاف آج جو کچھ ہو رہا ہے اس سے قبل کبھی نہیں ہوا۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی معیشت کو مضبوط بنانے کے لیے پر عزم ہیں، چین نے ہمیشہ پاکستان کے ساتھ تعاون کیا ہے جس پر اس کے شکر گزار ہیں جب کہ یہ تاثر غلط ہے کہ پاکستان چین کی کلائنٹ ریاست بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مرتبہ پاکستان آخری بار آئی ایم ایف سے رجوع کرے گا۔