پٹرولیم مصنوعات کے بعد سی این جی کی قیمت میں بھی نمایاں کمی
اسلام آباد: حکومت پاکستان کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد سی این جی کی قیمت میں بھی نمایاں کمی کر دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد سی این جی کی قیمت میں 9 روپے فی لیٹرکی کمی کر دی گئی،پنجاب اور اسلام آباد میں آر ایل این جی پر چلنے والے سی این جی اسٹیشنز پر سی این جی کی قیمت 9 روپے فی لیٹر کمی کے بعد نئی قیمت 84.50 فی لیٹر ہوگئی ہے۔ چیئرمین آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن غیاث پراچہ نے کہا کہ پنجاب،خیبرپختونخوا اور سندھ میں بھی سی این جی قیمتوں میں کمی کی کوششیں جاری ہیں اور سلسلے میں حکومت سے بات چیت چل رہی ہے امید ہے کہ جلد عوام کو خوشخبری ملے گی۔