پاکستان اٹلی کو کورونا وائرس کی دوا کلورو کوئین فراہم کرے گا
اسلام آباد : پاکستان کورونا وائرس کے علاج کیلئے استعمال کی جانے والی کلورو کوئین ٹیبلٹ اٹلی کو فراہم کرے گا، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اس حوالے سے اہم کردار ادا کررہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کی وبا پر قابو پانے کیلئے پاکستان نے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ملک اٹلی کی مدد کا فیصلہ کیا ہے اس سلسلے میں پاکستان اٹلی کو 5 لاکھ کلورو کوئین کی ٹیبلٹس فراہم کرے گا، کلوروکوئین دوا اب تک کورونا وائرس کے علاج کیلئے مؤثر ثابت ہورہی ہے۔ اٹلی کو ادویات عطیہ کرنے کا باضابطہ فیصلہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور اٹلی کے سفیر کے درمیان ملاقات میں کیا گیا جب وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اٹلی سفارت خانے کا دورہ کیا اور کرونا وائرس کے حوالے سے اٹلی کی صورتحال پر اس مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ ہونے کا یقین دلایا۔