بھارت کے انتہا پسند ہندوؤں نے مسلمانوں کی زندگی دوبھرکردی
خود کو دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کا راگ الاپنے والے بھارت نے دوسری بڑی آبادی کی زندگی اجیرن کردی،بھارت میں مودی سرکار کے آنے کے بعد مسلمانوں پر زمین بھی تنگ کردی گئی،اب بھارت میں ہندو مسلمانوں سے سروں کی چھت بھی چھیننے لگے۔ ممبئی کی پچیس سالہ رہائشی مصباح قادری نے الزام عائد کیا ہے کہ انہوں نے وڈالہ میں بروکر کے ذریعے فلیٹ کرائے پر لیا ،لیکن فلیٹ میں شفٹ ہونے سے عین ایک دن پہلے انہیں ہندو مالک کی جانب سے نکل جانے کا حکم دیا گیاہے- خاتون کا کہنا ہے کہ انہیں بروکر نے ایک شرط پر فلیٹ دلوانے پر رضامندی ظاہر کی تھی کہ اگر مسلمان ہونے کے باعث انہیں کوئی ہراساں کرے یا نقصان پہنچائے تو مالک مکان یا وہ ذمہ دار نہیں ہونگے۔ بھارتی ریاست گجرات کی رہائشی مصباح کا کہنا ہے کہ وہ گزشتہ ساڑھے پانچ سال سے ممبئی میں نوکری کی غرض سے مقیم ہیں، اور اس عرصے میں انہیں کئی بار مذہبی تعصب کا نشانہ بنایا گیا۔