مقبوضہ کشمیر: مجاہد کمانڈر سبزار احمد کی شہادت پر زبردست مظاہرے پھوٹ پڑے۔
مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں صف اول کے کمانڈر سبزار احمد اور ان کے دو ساتھیوں کی شہادت پر مقبوضہ وادی بھر میں زبردست بھارت مخالف مظاہروں کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق بھارتی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ مجاہد کمانڈر ترال میں سائموہ کے مقام پر ایک جھڑپ کے دوران مارے گئے جبکہ بعض ذرائع کا کہنا ہے کہ انہیں دوران حراست شہید کیاگیا۔سبزاراحمد بٹ کی شہادت پر پلوامہ، اسلام آ باد، بیج بہاڑہ ، پامپور، ترال، سرینگر ،بڈگام، گاندر بل ، سوپور ، بارہمولہ، بانڈی پورہ اور دیگر علاقوں میں زبردست بھارت مخالف مظاہروں کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے ۔ مظاہرین اور قابض اہلکاروں کے درمیان شدید جھڑپوں کی اطلاعات ہیں ۔ بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کی طرف سے مظاہرین پر طاقت کے وحشیانہ استعمال کے نتیجے میں بیسیوں افراد زخمی ہو گئے۔ پور ے مقبوضہ کشمیر میں صورتحال انتہائی کشیدہ ہو چکی ہے۔ادھر کٹھ پتلی انتظامیہ نے مقبوضہ وادی میں انٹرنیٹ موبائل سروس ایک مرتبہ پھر معطل کر دی ہے۔