خیبرپختونخوا اسمبلی کا اجلاس اسپیکر اسد قیصر کی زیرصدارت آج ہوگا
صوبائی حکومت نے اسمبلی کی مدت ختم ہونے سے ایک روز قبل صوبائی اسمبلی کا اجلاس بلایا ہے۔ آج ہونیوالے اجلاس میں وزیراعلیٰ خیبر پی کے آئین کے آرٹیکل ایک سو چوالیس کے تحت قرارداد ایوان میں پیش کریں گے۔ اجلاس میں فاٹا اور پاٹا کے خیبرپی کے میں انضمام پر قومی اسمبلی کی جانب سے پاس بل کی دوتہائی اکثریت سے منظور لی جائے گی۔ وزیراعلیٰ پرویز خٹک کے ترجمان شوکت یوسفزئی کے مطابق صوبائی اسمبلی کے اجلاس کا یک نکاتی ایجنڈا قومی اسمبلی سے پاس بل کی صوبائی اسمبلی سے دوتہائی اکثریت سے منظوری ہے۔ فاٹا کے خیبرپختونخوا میں انضمام سے متعلق بل قومی اسمبلی اور سینیٹ سے منظور ہوچکا ہے۔ بل کی منظور ی کے بعد فاٹا کی قومی اسمبلی سے بارہ نشستیں کم ہوجائیں گی۔ بل کے متن کے مطابق دوہزاراٹھارہ کے انتخابات میں فاٹا سے منتخب ہونے والے قومی اسمبلی کے ممبران پر اس کا اطلاق نہیں ہوگا جب کہ فاٹا سے موجودہ ممبران سینیٹ پر بھی اس کا فوری اطلاق نہیں ہوگا اور وہ اپنی مدت کی تکمیل تک سینیٹ کے ممبر رہیں گے