،وزیراعلیٰ بلوچستان اور اپوزیشن لیڈر عبدالرحیم زیارت وال کی ملاقات بغیرنتیجے کے ختم ہوگئی۔
بلوچستان میں نگران وزیراعلیٰ کے لیے مخلوط حکومت میں شامل جماعتوں کے علاوہ حزب اختلاف کی جماعتوں کے درمیان مشاورت کا سلسلہ جاری ہے، تاہم ابھی تک کسی نام پر اتفاق نہیں ہوسکا ہے۔ اس حوالے سے وزیراعلیٰ عبدالقدوس بزنجو اوراپوزیشن لیڈر عبدالرحیم زیارت وال کی ملاقات بھی بغیرنتیجہ ختم ہوگئی۔ ملاقات میں حکومت کی جانب سے علاؤالدین مری، پرنس احمد اور کامران مرتضیٰ کے نام پیش کیے گئے جبکہ اپوزیشن نے قاضی اشرف اور اسلم بھوتانی کے نام پیش کئے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا ہے نگراں وزیراعلیٰ کے لیے مشاورت کا سلسلہ جاری ہے تاہم ان کی خواہش ہے کہ نگراں وزیراعلیٰ کا تعلق کسی سیاسی جماعت سے نہ ہو اور وہ تعلیم یافتہ ہو۔ میرعبد القدوس بزنجو کا کہنا ہے بلوچستان حکومت کی مدت بھی کچھ دن بعد ختم ہو جائے گی۔ حزب اختلاف کی جماعتوں کی یہ خواہش ہے کہ نگران وزیراعلیٰ ایسی شخصیت جو کہ اسٹیبلشمنٹ کے دباؤ میں آئے بغیر شفاف انتخابات کو یقینی بنائے۔