ٹرانسپورٹ اور توانائی کی راہداری کے قیام سے تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا،خسرو بختیار
منصوبہ بندی اور ترقی کے وزیرمخدوم خسرو بختیار نے کہا ہے کہ ٹرانسپورٹ اور توانائی راہداری کے قیام سے علاقائی روابط اور تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ میں مدد ملے گی۔
انہوںنے ان خیالات کا اظہار ازبکستان کے نائب وزیراعظم Elyor Majidovich Ganiyev کے ساتھ اسلام آباد میں وفد کی سطح پر ملاقات کے دوران کیا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ازبکستان کی کمپنیاں دونوں ممالک کے باہمی فائدے کیلئے چین پاکستان اقتصادی راہداری کے لائحہ عمل کے تحت قائم کئے جانے والے خصوصی اقتصادی زونز میں اپنے پیداواری یونٹ قائم کرسکتی ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان عالمی بنک کے تعاون سے شروع کئے گئے توانائی کے منصوبے کاسا 1000 پر عملدرآمد کیلئے پرعزم ہے۔
خسرو بختیار نے بتایا کہ پاکستان اقتصادی سرگرمیوں کو مزید فروغ دینے کیلئے پشاور سے کراچی تک اپنے ریلوے کے نظام کو بھی بہتر بنائے گا۔
ازبکستان کے نائب وزیراعظم نے بتایا کہ ان کے ملک نے تاشقند سے مزار شریف تک ریلوے لائن بچھائی ہے جسے علاقائی روابط اور تجارت کو فروغ دینے کیلئے پشاور تک توسیع دی جاسکتی ہے۔
وفاقی ویزیر نے تمام رکن ممالک کے فائدے کیلئے مختلف شاہراہوں اور ریلوے منصوبوں کے ذریعے علاقائی روابط کو مستحکم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔