حکومت قبائلی عوام کے تمام جائز مطالبات پورے کرنے کیلئے اقدامات کررہی ہے، مراد سعید
مواصلات اور محکمہ ڈاک کے وزیر مراد سعید نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں ضم شدہ قبائلی اضلاع میں ترقی کے عمل کا آغاز ہوچکا ہے اور حکومت قبائلی عوام کا ہر جائز مطالبہ پورا کرے گی۔
انہوں نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ حکومت قبائلی عوام کی دلجوئی کیلئے تیار ہے جو گزشتہ کئی سال سے مصائب کا سامنا کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے قبائلی عوام کے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں تباہ ہونے والے گھروں اور دکانوں کی بحالی کیلئے بائیس ارب روپے کے پیکج کا اعلان کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا آئین ہر شہری کو اظہار رائے کی آزادی کی ضمانت دیتا ہے تاہم ملکی اداروں کو بدنام کرنے کا رجحان بند ہونا چاہئے۔
اس سے پہلے مسلم لیگ نون کے رہنما خواجہ محمد آصف نے فوجی چیک پوسٹ پر حملے کے واقعے اور چیئرمین نیب کے خلاف الزامات کی تحقیقات کیلئے خصوصی پارلیمانی کمیٹی تشکیل دینے کا مطالبہ کیا۔
ایوان کا اجلاس اب کل دن دو بجے ہوگا۔