پنجاب:کاروباری مراکز دوبارہ کھولنے کا فیصلہ

لاہور: پنجاب حکومت نے عید کے بعد کاروباری مراکز دوبارہ کھولنے کا فیصلہ کرلیا۔ پنجاب میں آج سے کاروباری مراکز پھر سے کھلیں گے۔ دکانوں کو صبح 9 سے شام 5 بجے تک کھولنے کی اجازت دی گئی ہے۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال کا کہنا ہے کہ صوبے میں میڈیکل اسٹورز اور فارمیسیز 24 گھنٹے کھلی رہیں گی۔ پنجاب حکومت کے مطابق بیکریاں اور دیگر ناشتہ پوائنٹس صبح ناشتے سے لے کر رات 10 بجے تک کھلیں گے۔ جبکہ عام بازاروں میں دیگر دکانیں پرانے شیڈول کے مطابق صبح 9 سے شام 5 بجے تک کھلیں گی۔ صوبائی وزیر کے مطابق دکانداروں کو ایس او پیز پر عملدرآمد کیلئے ہدایت بھی کی گئی ہے۔ ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنے والی دکانیں بند کردی جائیں گی۔