سعودی عرب کا31 مئی سے اندرون ملک پروازوں کی بحالی کا اعلان

سعودی عرب نے اتوار31 مئی سے اندرون ملک پروازوں کی بحالی کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ سرکاری شعبے کے ملازمین بھی اسی تاریخ سے بتدرج اپنے دفاتر میں آنا شروع ہوجائیں گے اور 14 جون تک تمام سرکاری عملہ دفاتر میں مکمل طور پر حاضر ہوجائے گا۔سعودی عرب کی جنرل اتھارٹی برائے شہری ہوابازی نے منگل کی شب ایک بیان میں کہا ہے کہ قومی فضائی کمپنی کی مرحلہ وار اندرون ملک پروازیں چلائی جائیں گی اور آیندہ دوہفتوں میں تمام داخلی مقامات (ہوائی اڈوں) پر پروازوں کی آمد ورفت شروع ہوجائے گی۔اتھارٹی نے مزید کہا ہے کہ وہ مقامی مارکیٹ کی مانگ کو پورا کرنے کے لیے ہوائی اڈوں، فضائی کمپنیوں اور شہری ہوابازی کے شعبے میں کام کرنے والی کمپنیوں کے ساتھ مربوط انداز میں کام کررہی ہے۔واضح رہے کہ سعودی عرب نے کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے 20 مارچ کو اندرون ملک تمام پروازیں معطل کردی تھیں اور انھیں اب سوا دو ماہ کے بعد بحال کیا جارہا ہے۔سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اپنے بیان میں مزید بتایا ہے کہ اس نے اندرون ملک پروازوں کی بتدریج بحالی کے لیے اپنی آپریشنل تیاریاں مکمل کرلی ہیں تاکہ تمام سعودی ہوائی اڈوں پر مسافروں کے محفوظ سفر کو یقینی بنایا جاسکے۔اس دوران میں صحت کے تحفظ کے لیے تمام ضروری تدابیر اختیار کی جائیں گی۔