پیپلزپارٹی کسی دوسری سیاسی جماعت کو وضاحت نہیں دے گی: شیری رحمان
پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ یہ بات بالکل واضح اور دو ٹوک ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی کسی دوسری سیاسی جماعت کو وضاحت نہیں دے گی۔قائد حزب اختلاف سے ملاقات کا صرف اور صرف ایک مقصد تھا کہ پارلیمان میں اپوزیشن کے کردار کو فعال کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمانی سیاست پر یقین رکھتی ہے اور اس سلسلے میں ہر ممکن اقدامات اٹھاتی رہے گی۔ان خیالات کااظہار انہوں نے بدھ کو اپنے ایک بیان میں کیا۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلزپارٹی ایک آزاد سیاسی جماعت ہے، ہم کسی دوسری سیاسی جماعت کے تابع نہیں ہیں۔ ہم نے کسی کو نہیں کہا کہ ہمیں پی ڈی ایم میں شامل کرلیا جائے بلکہ اس حوالے سے اپوزیشن جماعتوں کے بعض عناصر آپس میں لڑرہے ہیں۔ شیری رحمان نے کہا کہ آپس میں لڑ کر ایک دوسرے کو نقصان پہنچانے کے بجائے اپوزیشن جماعتوں کے بعض عناصر پی ڈی ایم سے متعلق پہلے پی پی پی کا مؤقف تو معلوم کرلیں۔ شیری رحمان نے کہا کہ شوکاز نوٹس کو وضاحت طلبی کا خط قرار دے کر معافی مانگنے والوں کا ہدف بظاہر حکومت نہیں بلکہ پی پی پی ہے۔ شیری رحمان نے سوال کیاکہ یہ کیسا ڈرامہ ہے کہ کوئی پی پی کو پی ڈی ایم میں شمولیت کی پیش کش کررہا ہے اور کوئی اس پیش کش کو مسترد کررہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے پی ڈی ایم کو بنایا مگر افسوس کہ حکومت مخالف اس اتحاد کو جان بوجھ کر نقصان پہنچایا گیا۔شیری رحمان نے کہا کہ ایک ایسے وقت میں منصوبہ بندی کے تحت پی ڈی ایم میں دراڑ ڈالی گئی کہ جب عمران خان کی گرتی ہوئی دیوار چند مزید دھکوں کی مار تھی، صاف نظر آرہا ہے کہ اپوزیشن میں شامل بعض عناصر حکومت کے خلاف مہم کو چھوڑ کر پی پی پی کو نشانہ بنارہے ہیں۔انہوں نے اپوزیشن رہنماؤں سے درخواست ہے کہ اپنی صفوں میں حکومت مخالف مہم کو سبوتاڑ کرنے والے عناصر کی نشان دہی کرکے ان کی بیخ کنی کریں۔شیری رحمان نے کہا کہ بدین میں پی ڈی ایم اور جی ڈی اے کے16 رکنی اتحاد کی ایک جیالے کارکن کے ہاتھوں شکست سے بہت سے عناصر بوکھلاگئے ہیں.اپوزیشن کی دیگر جماعتوں سے درخواست ہے کہ حکومت کے خلاف اپوزیشن کریں، اپوزیشن کے خلاف اپوزیشن کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔