سینئر فوجی قیادت کے خلاف ہرزہ سرائی کیس میں ایمان مزاری کی عبوری ضمانت منظور
اسلام آباد ہائی کورٹ نے پاک فوج کی سینئر قیادت کے خلاف ہرزہ سرائی اور دھمکیوں کے کیس میں وکیل ایمان زینب مزاری حاضر کی 9 جون تک ضمانت قبل از گرفتاری منظور کرلی۔ایمان زینب مزاری نے عبوری ضمانت کی درخواست ایڈووکیٹ زینب جنجوعہ کے توسط سے دائر کی تھی، جس پر چیف جسٹس اطہر من اللہ نے سماعت کی۔ایمان مزاری کے خلاف دارالحکومت کے تھانہ رمنا میں گزشتہ روز سید ہمایوں افتخار، لیفٹننٹ کرنل فار جج ایڈووکیٹ جنرل، جنرل ہیڈکوارٹرز راولپنڈی کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا تھا، جس میں تعزیرات پاکستان کی دفعات 505 (لوگوں کو مسلح افواج کے خلاف اکسانا) اور 138 (جوان کو خلاف ورزی کی ترغیب دینا) شامل کی گئی ہیں۔