متحدہ عرب امارات میں ٹریفک روانی میں رکاوٹ بننے پر 500 درہم جرمانے کا اعلان
متحدہ عرب امارات میں معمولی ٹریفک حادثے یا خرابی کے باعث گاڑی کو سڑک کے درمیان کھڑی کرنے اور ٹریفک روانی میں تعطل کا سبب بننے والے افراد کے لئے 500 درہم جرمانے کا نیا حکم نامہ جاری کر دیا گیا۔ متحدہ عرب امارات کے ذرائع ابلاغ کے مطابق ابوظہبی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محکمہ ٹریفک کے نائب سربراہ بریگیڈیئر احمد عبد اللہ الشحی نے کہا کہ معمولی ٹریفک حادثہ پیش آئے یا گاڑی میں کوئی فنی خرابی پیدا ہو جائے تو ڈرائیور کو چاہئے کہ وہ اپنی گاڑی سڑک کے کنارے کسی محفوظ مقام پر کھڑی کر دے اور ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ نہ بنے۔ انھوں نے کہا کہ اکثر دیکھا گیا ہے کہ حادثے کے وقت دونوں گاڑیوں کے ڈرائیور اپنی گاڑیاں بیچ سڑک پر کھڑی کر دیتے ہیں جس سے وہ ٹریفک کی روانی میں تعطل کا موجب بنتے ہیں۔ ٹریفک کے نائب سربراہ نے کہا کہ ایسی صورتحال سے بچنے کے لئے حکام نے فیصلہ کیا ہے کہ ٹریفک کی روانی میں خلل بننے والے ڈرائیور حضرات کو فوری طور پر پانچ سو درہم جرمانہ کیا جائے۔