برطانوی قانون ساز بریگزٹ ڈیل کی حمایت کریں: یورپی یونین کی اپیل
یورپی یونین نے برطانوی پارلیمان سے اپیل کی ہے کہ وہ ٹیریزا مے کے ساتھ طے پانے والے بریگزٹمعاہدے کی توثیق کرے۔ بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق گزشتہ روز یورپی پارلیمان نے بریگزٹمعاہدے کو منظور کر لیا تھا تاہم ابھی اس کی توثیق برطانوی پارلیمان سے ہونا باقی ہے۔ یورپی کمیشن کے صدر ژاں کلوڈ ینکر نے کہا کہ یہ معاہدے برطانیہ اور یورپی یونین دونوں کے لیے بہتر ہیں۔ تاہم انہوں نے واضح طور پر کہا کہ یہ تاثر قائم نہیں رہنا چاہیے کہ اس طے شدہ معاہدے کو مسترد کر کے یورپی یونین کسی بہتر ڈیل پر آمادہ ہو جائے گی۔ واضح رہے کہ قریب چار دہائیوں تک یورپی یونین کا حصہ رہنے والا برطانیہ اگلے برس 29 مارچ کو اس بلاک سے خارج ہو جائے گا۔