سعودی حکومت کی پرانی گاڑیوں کے مالکان کو خصوصی رعایت

سعودی محکمہ زکوۃ و آمدنی نے پرانی گاڑیوں کی خرید وفروخت پر ویلیو ایڈڈ ٹیکس (واٹ) کے حوالے سے یاد دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ سسٹم میں غیر رجسٹرڈ افراد سے گاڑیوں کی خرید پر واٹ نہیں لیا جاتا۔ محکمہ نے یہ وضاحت ایک صارف کے اس استفسار کے جواب میں دی جس میں اس نے دریافت کیا تھا کہ کیا سعودی عرب میں پرانی گاڑیوں پر ویلیو ایڈڈ ٹیکس مقرر ہے؟ سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق محکمہ زکوۃ و آمدنی نے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر بتایا کہ اگر پرانی گاڑی کسی شوروم یا ویلیو ایڈڈ ٹیکس سسٹم میں رجسٹرڈ شخص کی طرف سے فروخت کی گئی ہو تو ایسی صورت میں اس پر ویلیو ایڈڈ ٹیکس لیا جائے گا۔ محکمہ زکوۃ و آمدنی نے توجہ دلائی کہ اگر گاڑی کسی ایسے شخص نے فروخت کی جو نہ تو ویلیو ایڈڈ ٹیکس سسٹم میں رجسٹرڈ ہے اور نہ ہی وہ گاڑیوں کا کاروبار کرتا ہے تو ایسی صورت میں ویلیو ایڈڈ ٹیکس نہیں لیا جائے گا