ترکی: ناکام فوجی بغاوت کے کیس میں سیکڑوں پائلٹوں کو عمر قید

انقرہ: ترکی میں 2016 کی ناکام فوجی بغاوت کے کیس میں سیکڑوں افراد کو عمر قید کی سزا سنادی گئی۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق ترکی کی عدالت نے 15 جولائی 2016 کی ناکام فوجی بغاوت کے کیس میں ترک صدر طیب اردوان کی حکومت کے خلاف منصوبہ بندی کے الزام میں 337 سابق پائلٹوں کو عمر قید کی سزا سنائی ہے۔ خبر ایجنسی کے مطابق 500 افراد پر الزام عائد کیا گیا ہےکہ انہوں نے دارالحکومت انقرہ کے ائیربیس سے حکومت کے خلاف بغاوت کی کوشش کی جس میں فوجیوں کی جانب سے لڑاکا طیاروں، ہیلی کاپٹرز، ٹینکوں اور اہم ریاستی اداروں پر کنٹرول کی کوشش کی گئی اور اس کے نتیجے میں 250 افراد ہلاک ہوئے۔