عمران خان کہیں گے تو اسمبلی توڑنے میں آدھا منٹ بھی نہیں لگاؤں گا: وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی

وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی نے پی ٹی آئی چیئرمین کی جانب سے اسمبلیوں سے نکلنے کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان اسمبلیاں توڑنے کا کہیں گے تو ایک منٹ کی دیر نہیں ہوگی۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں پرویز الہٰی کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) اور رانا ثنااللہ جیسے لوگ کیسی باتیں کر رہے ہیں، پنجاب حکومت عمران خان کی اپنی حکومت ہے، اور یہ ہمارے پاس امانت ہے، ہم وضع دار لوگ ہیں، جس کے ساتھ چلتے ہیں اس کا ساتھ نہیں چھوڑتے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ اسمبلیوں سے جب استعفے دیں گے تو وزیر اعظم شہباز شریف کی 27 کلومیٹر کی حکومت 27 گھنٹے بھی نہیں چل سکے گی۔انہوں نے کہا کہ عمران خان اسمبلیاں توڑنے کا کہیں گے تو ایک منٹ کی دیر نہیں ہوگی۔وزیر اعلیٰ پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ میں سمجھتا ہوں کہ اب لوگوں کو سمجھ آئی ہے کہ عمران خان کو اللہ تعالیٰ نے نئی زندگی دی ہے اور فیصلہ کن راؤنڈ اب انہوں نے کھیل دیا ہے، اب پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کا اتحاد خود انتشار کی شکل اختیار کرتا جائے گا۔چوہدری پرویز الہٰی نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے شعبدہ باز جھوٹ بولنے سے باز ہی نہیں آرہے ہیں، آپ کو سمجھ لگ جائے گی کہ آپ کے ساتھ وہ کچھ ہونے والا ہے کہ آپ کی پشتیں بھی یاد کریں گی۔