عمران خان غیر متعلقہ ہوچکے، حکومت گرانے آئے تو اپنی دونوں حکومتیں ختم کرنے کا اعلان کرکے چلتے بنے: مریم اورنگزیب

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے سابق وزیر اعظم اور چیئرمین پی ٹی آئی پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان ’ار۔ریلیونٹ‘ (غیر متعلقہ) ہو چکے ہیں، حکومت عمران خان کی 4 سال میں لائی گئی تباہی کو ٹھیک کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے اپنے بیان میں کہا کہ مہنگائی، معاشی و خارجہ تعلقات کی تباہی اور تاریخی قرض سب عمران خان کی میراث ہے۔
سرکاری خبر رساں ادارے ’اے پی پی‘ کے مطابق انہوں نے کہا کہ حکومت کی توجہ صرف اور صرف عوام کو درپیش مسائل کے خاتمے پر مرکوز ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہم پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے واضح ایجنڈے پر کاربند ہیں، اس ایجنڈے کے ذریعے ہم نے پاکستان کے اندر اور بیرونی دنیا پر ہماری قومی ترجیحات اور سوچ واضح کردی ہے، انہوں نے مزید کہا کہ تعمیر اور تخریب کے 2 کردار قوم کے سامنے ہیں۔