وادی نیلم میں وین کھائی میں جاگری، 6 خواتین جاں بحق, 8 افراد زخمی ہوئے

آزاد کشمیر کی وادی نیلم میں چھڑی کے مقام پر وین کھائی میں گر گئی جس کے نتیجے میں 6 خواتین جاں بحق اور 5 خواتین سمیت 8 افراد زخمی ہوئے۔نیلم ڈیزاسٹر مینجمنٹ افسر اختر ایوب کے مطابق واقعہ دن 12 بجکر 30 منٹ پر پیش آیا جب گاڑی میں سوار تمام خواتین ووٹ ڈالنے کے بعد واپس گھر جارہی تھیں۔انہوں نے بتایا کہ مسافر دریائے نیلم کے کنارے واقع ٹھنڈا پانی گاؤں کے رہائشی تھے اور بیسن والی کے قریبی پولنگ اسٹیشن پر آئے تھے۔اختر ایوب نے مزید بتایا کہ گاڑی میں گنجائش سے زیادہ لوگ سوار تھے، زخمیوں کو دودھنیال کے ابتدائی طبی مرکز میں منتقل کر دیا گیا ہے۔خیال رہے کہ مظفر آباد کے تین اضلاع میں 31 سال بعد بلدیاتی انتخابات آج ہو رہے ہیں جس کے لیے پولنگ جاری ہے۔