ذکا اللہ نے ملک میں آنے والے زلزلے کے باعث جانی و مالی نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کیا
چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل ذکا اللہ نے تمام فیلڈ کمانڈرز کو حکم دیا ہے کہ وہ مشکل کی اس گھڑی میں زلزلہ متاثرین پاکستانی بھائیوں تک رسائی حاصل کریں اور انہیں ہر ممکن امداد فراہم کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاک بحریہ نے ریلیف اور سپورٹ آپریشنز کے لئے اپنے وسائل سرگرم عمل کردیئے ہیں جبکہ متاثرین زلزلے کی امداد کے لئے کئے جانے والے امدادی آپریشنز کی نگرانی کے لئے نیول ہیڈ کوارٹرز میں کرائسس مینجمنٹ سیل قائم کردیا گیا ہے۔ چیف آف نیول سٹاف کا کہنا ہے کہ خیبر پی کے کے دور دراز علاقوں میں میڈیکل ٹیموں کی رسائی اور متاثرین میں امدادی اشیا کی تقسیم کے لئے سوات میں فارورڈ ریلیف رسپانس سنٹر بھی قائم کردیا گیا ہے اور ایمبولینسز، ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل اسٹاف پر مشتمل میڈیکل ٹیمیں ادویات کے ہمراہ سوات روانہ کردی گئیں ہیں۔ ایڈمرل ذکا اللہ نے کہا کہ زلزلہ متاثرین کیلئے امدادی سامان سے بھرے ٹرک سوات روانہ کردیئے گئے ہیں جبکہ امدادی سامان ضلعی انتظامیہ کی مدد سے متاثرین زلزلہ میں تقسیم کیا جائے گا۔ اسی طرح متاثرین زلزلہ کے لئے کراچی سے اکٹھا ہونے والا امدادی سامان پاکستان نیوی ایئر کرافٹ کے ذریعے اسلام آباد لایا جائے گا۔