سارے چوروں کی چوری نوازشریف کے لندن میں ایک فلیٹ کے برابر ہے:چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان
اپردیر میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ کمزور اور طاقتور کیلیے الگ قانون سے قومیں تباہ ہوئیں۔ سارے چوروں کی چوری نوازشریف کے لندن میں ایک فلیٹ کے برابر ہے۔ چھوٹا چور گھر کو نقصان پہنچاتا ہے لیکن جب ملک میں وزیراعظم، صدر اور وزیر کرپشن کریں تو ساری قوم کا پیسہ لوٹ کر قوم کو مقروض کردیتے ہیں۔ ن لیگ میں مریم نواز کے علاوہ کیا اور کوئی نہیں۔ عمران خان نے کہا چھوٹے چور جیلوں میں جاتے ہیں جبکہ بڑا ڈاکو چالیس گاڑیوں کے پروٹوکول میں جاتا ہے۔ عمران خان نے کہا کہ بینظیر گئی تو زرداری اور بلاول اوپر آگئے۔ جس نے ایک روپیہ محنت سے نہ کمایا ہو وہ ملک کی سربراہی کیسے کرسکتا ہے؟ بلاول بھٹو اور آصف زرداری میں کیا قابلیت ہے؟ سینما کے ٹکٹ بلیک کرنے والا کس طرح ملک چلا سکتا ہے؟ انہوں نے کہا ملک کے سب سے بڑے ڈاکو زرداری اور نوازشریف ہیں۔ دوہزارآٹھ میں ہر پاکستانی پر پینتیس ہزار قرضہ تھا لیکن انکے نو سالوں میں آج ہر پاکستانی ایک لاکھ بیس ہزار کا مقروض ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ منی لانڈرنگ سے ملک کو دگنا نقصان ہوتا ہے، حکمرانوں کی لوٹ مار کی قیمت عوام کو ادا کرنا پڑتی ہے۔ عمران خان نے مطالبہ کیا کہ بڑے ڈاکوؤں کو جیلوں میں ڈال کر باہر سے پیسہ واپس لایا جائے، لوٹا گیا پیسہ ہسپتالوں اور بچوں کی تعلیم پر خرچ ہونا چاہیے۔