سپریم کورٹ:کراچی میں تجاوزات کے خاتمے کیلئے جوائنٹ ٹیم کو پندرہ روزکی مہلت دے دی
سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں تجاوزات کےخاتمے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس پاکستان نے ریمارکس دیئے کہ عدالت کاحکم موجودہےکسی کی اجازت کی ضرورت نہیں چیف جسٹس نے ایڈیشنل آئی جی امیرشیخ سے استفسار کیا کہ تجاوزات آپ ختم کرائیں گے، اپن پلان بتائیں ایڈیشنل آئی جی امیر شیخ نے بتایا کہ ہم مکمل تعاون کیلیے تیار ہیں ،میئر کراچی وسیم اختر نے بتایا کہ ایمپریس مارکیٹ 70فیصد صاف ہوچکا ہے۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ صرف ایمپریس مارکیٹ نہیں اطراف کاعلاقہ بھی صاف کرائیں۔ میئر وسیم اختر نے یقین دہانی کرائی کہ صدرکے علاقے کو مکمل طور پر صاف کرائیں گے۔ عدالت نے کنٹونمنٹ بورڈز اور رینجرز کو بھی انتظامیہ سے تعاون کی ہدایت کردی۔ عدالت کے مطابق امن و امان کی صورتحال سے قانون کے مطابق نمٹا جائے۔ چیف جسٹس نے ہدایت کی کہ تمام فٹ پاتھ سے تجاوزات کو ختم کیا جائے، میئر کراچی کا کہنا تھا کہ رفاہی ادارےفٹ پاتھ پرغربا کو کھانا کھلاتے ہیں،انہیں بھی ہٹایا جائے جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ آپ غریبوں کو کھانا کھلانے کےلیے متبادل جگہ دیں۔ عدالت نے تجاوزات کے خاتمے کیلیےجوائنٹ ٹیم کو15 دن کی مہلت دے دی۔
۔