کشمیریوں کی منزل صرف بھارت سے آزادی ہے: مشعال ملک
اسلام آباد: حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک کا کہنا ہے کہ 27 اکتوبر1947 کو بھارت نے وادی پر شب خون مارا تھا، کشمیریوں نے آج تک بھارت کے غاصبانہ قبضے کو تسلیم نہیں کیا۔ تفصیلات کے مطابق مشعال ملک نے نیشنل پریس کلب کے سامنے ایک روزہ بھوک ہڑتالی کیمپ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کی منزل صرف بھارت سے آزادی ہے، بھارت کشمیریوں کے دل ودماغ پر قبضہ نہیں کرسکا۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے 5اگست کو کشمیر پر دوبارہ حملہ کیا، بھارت کرفیو کے ذریعے تحریک آزادی کشمیر کچلنا چاہتا ہے، بھارت کرفیو سے کشمیریوں کو اعصابی طور پر کمزور کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین پامالیاں جاری ہیں، کشمیریوں کو جھکا لینا بھارت کے بس کی بات نہیں۔ مشعال ملک کا مزید کہنا تھا کہ کشمیریوں کو روپے پیسے اوربزور طاقت دبانا ناممکن ہے، کشمیریوں کی منزل صرف بھارت سے آزادی ہے۔