اسرائیلی وزیراعظم نے بحرین سے معاہدے کی منظوری دیدی
اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو کی کابینہ نے بحرین سے معمول کے تعلقات استوار کرنے کے لیے معاہدے کی منظوری دے دی ہے۔ اس کے بعد اگلے مرحلے میں اس پر اسرائیلی کنیسٹ میںاس کی توثیق کے لیے رائے شماری کی جائے گی۔بنجمن نیتن یاہو نے 15 ستمبر کو وائٹ ہائوس میں بحرینی وزیرخارجہ عبداللطیف الزیانی کے ساتھ اس امن سمجھوتے پر دست خط کیے تھے۔ اسرائیلی وزیر زاچی ہینجبی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ کابینہ نے اتفاق رائے سے اس معاہدے کی منظوری دی ہے۔ بحرین کی کابینہ پہلے ہی 19 اکتوبر کو اس کی منظوری دے چکی ہے۔اسرائیلی پارلیمان کے ایک ترجمان نے کہا ہے کہ اس معاہدے پر رائے شماری کے لیے ابھی کوئی تاریخ مقرر نہیں کی گئی ۔واضح رہے کہ قبل ازیں اسرائیل اور یو اے ای اپنے دوطرفہ معاہدے کی منظوری دے چکے ہیں۔اسرائیلی حکومت نے متحدہ عرب امارات کے ساتھ معمول کے تعلقات استوار کرنے کی بھی منظوری دے دی ہے۔اسرائیلی پارلیمان نے اسی ماہ اس معاہدے کی توثیق کی تھی ۔