پی ڈی ایم میں شامل تمام جماعتیں آئین پاکستان کی سربلندی کےلئے جدوجہد کررہی ہے. احسن اقبال
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ مہنگائی 72 سالوں کا ریکارڈ توڑ چکی ہے، معیشت کی تباہی سے پاکستان کی معاشرت بھی تباہ ہو رہی ہے ، ان تمام مسائل کی اصل وجہ نالائق اور نا اہل حکومت ہے ،ہم پر ایسا اناڑی مسلط کر دیا گیا جس نے کبھی یونین کونسل بھی نہیں چلائی تھی،جب اناڑی ڈرائیور کو گاڑی دی جاتی ہے تو روز ایکسیڈنٹ کرتا ہے، پی ڈی ایم میں شامل تمام جماعتیں آئین پاکستان کی سربلندی کےلئے جدوجہد کررہی ہے، قانون کی حکمرانی،موجودہ حکومت میں مودی نے کشمیر کو نوالہ تر سمجھ کر ہڑپ کرلیا ، ہمیں بہت عرصے بعد وزیرستان میں 20جوانوں کی شہادتیں دیکھنے کو ملیں۔منگل کو رہنما مسلم لیگ نون احسن اقبال نے حیدر آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج قوم نواز شریف کے ترقی کے دور کو یاد کر رہی ہے، وہ پاکستان جسے 3.5فیصد ترقی 5.8فیصد ترقی پہنچایا گیاتھا لیکن اب دو سال میں وہ ترقی ختم ہو چکی ہے، مہنگائی 72 سالوں کا ریکارڈ توڑ چکی ہے، بے روزگاری اور غربت ریکارڈ توڑ چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب پاکستان کی معیشت کی تباہی سے پاکستان کی معاشرت بھی تباہ ہو رہی ہے کیونکہ جب کسی ملک کی معیشت تباہ ہو جاتی ہے تو اس معاشرت کے بھی نٹ بولٹ کھلنا شروع ہو جائے گا، ملک کو معاشی و معاشرتی بحران کا سامنا ہے اور ان تمام مسائل کی اصل وجہ نالائق اور نا اہل حکومت ہے ہم پر ایسا اناڑی مسلط کر دیا گیا جس نے کبھی یونین کونسل بھی نہیں چلائی تھی اور جب اناڑی ڈرائیور کو گاڑی دی جاتی ہے تو روز ایکسیڈنٹ کرتا ہے، اس طرح اب ہر روز اناڑی ڈرائیور ایکسیڈنٹ کرتا ہے اور سزا 22کروڑ عوام کو ملتی ہے۔ احسن اقبال نے کہا کہ موجودہ حکومت نے ملک کو آئین کے راستے سے ہٹا کر جبر کے راستے پر ڈال دیا ہے اور ملک ون پارٹی سٹیٹ بنانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم میں شامل تمام جماعتیں آئین پاکستان کی سربلندی کےلئے جدوجہد کررہی ہے، قانون کی حکمرانی، معاشی حقوق کے لئے جدوجہد کر رہی ہیں، تمام جماعتیں مہنگائی، بے روزگاری، غربت جو عمران خان کی نا اہلی اور نا لائقی کی وجہ سے ہوئی ہے اس دورکرنے کی جدوجہد کر رہی ہیں، تمام جماعتیں کشمیریوں کےلئے جدوجہد کر رہی ہیں، جن کا سودا عمران نیازی نے کرلیا ہے۔ احسن اقبال نے کہا کہ یہ حکومت کشمیر کی سوداگر ہے کیونکہ 72سالوں میں ہندوستان کو جرات نہیں ہوئی تھی کہ کشمیر پر میلی نگاہ اٹھائے، لیکن موجودہ حکومت میں مودی نے کشمیر کو نوالہ تر سمجھ کر ہڑپ کرلیا۔ احسن اقبال نے کہا کہ پشاور میں ہونے والا دھماکہ قابل مذمت ہے اور یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ حکومت قانون نافذ کرنے میں ناکام ہو گئی ہے جبکہ مسلم لیگ نون کی حکومت نے دہشت گردی کا جن بوتل میں کر دیا تھا، لیکن اب پھر دہشت گردی نیا منہ اٹھا رہی ہے، ہمیں بہت عرصے بعد وزیرستان میں 20جوانوں کی شہادتیں دیکھنے کو ملیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں پھیلتی دہشت گردی کی وجہ وزیراعظم کا وزارت داخلہ کے بنیادی کام سے ہٹا کر اپوزیشن کے خلاف انتقامی کاروائیوں کی طرف لگانا ہے، خفیہ ادارے جن کا کام دہشت گردی کا مقابلہ کرنا ہے انہیں گلگت بلتستان الیکشن میں انچرنگ کرنے میں لگا دیا گیا ہے اور جب سیکیورٹی اداروں کو اپوزیشن کے پیچھے لگا دیا جائے تو پھر دہشت گردوں کی چاندنی ہو جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا کام وحدت اور یگانگت پھیلانا ہوتا ہے لیکن عمران نیازی ملک میں انتشار پھیلا رہا ہے لیکن پی ڈی ایم میں تمام سیاسی و مذہبی جماعتیں متحد ہیں، ہم مل کر حقیقت جمہوری حکومت لائیں گے۔