پشاور کی مسجد میں دھماکا، 8 افراد شہید، 112 زخمی
پشاور کے علاقے دیر کالونی میں کوہاٹ روڈ پر واقع مسجد سے متصل مدرسے کے مرکزی ہال میں دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 8 افراد شہید جب کہ 112 سے زائد زخمی ہو گئے۔ دھماکے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، سیکیورٹی فورسز اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ عینی شاہد کے مطابق مدرسے میں دوسرا پیریڈ شروع ہونے والا تھا کہ اچانک ہال میں بیٹھے طلبہ کے درمیان میں دھماکا ہوا، دھماکے کے وقت ایک ہزار سے بارہ سو افراد مدرسے میں موجود تھے جب کہ مدرس شیخ صاحب محفوظ رہے۔ لیڈی ریڈنگ اسپتال میں 72 زخمی منتقل کیے گئے جب کہ 36 زخمیوں کو نصیراللہ بابر میموریل اسپتال، 2 زخمیوں کو خیبر ٹیچنگ اسپتال اور 2 حیات آباد میڈیکل کمپلیکس منتقل کیے گئے۔