بھارت کی ریاستی دہشت گردی کشمیریوں کے جزبہ حریت کو دبانہیں سکتی: میاں اسلم اقبال
صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ بھارت نے 27اکتوبر 1947کوجموں و کشمیر پر غاصبانہ قبضہ کرکے کشمیریوں کی آزادی چھینی، بھارت گزشتہ 7عشروں سے کشمیریوں کے حقوق پامال کر رہا ہے اور بھارت 5 اگست کو جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرکے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کا مرتکب ہوابھارت نہتے کشمیریوں پر ظلم وستم کے پہاڑ توڑ رہا ہے۔عالمی برادری کی مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم پر خاموشی قابل افسوس ہے، صوبائی وزیر نے جموں و کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ قبضہ کے خلاف یوم سیاہ کے موقع پر اپنے بیان میں کہا کہ بھارتی قابض افواج نے کشمیریوں کی آواز دبانے کے لئے ظلم کا ہر ہتھکنڈا استعمال کیا، مگر کشمیریوں کو جھکا نہ سکا. انہوں نے کہا کہ کشمیری اپنی آزادی کی جدوجہد میں لازوال قربانیاں دے رہے ہیں اور ان کی یہ قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی. صوبائی وزیر نے کہا کہ دور حاضر کے ہٹلر مودی کی سفاکیت اور ظلم کشمیریوں کو جھکا نہیں سکتا۔ظالم مودی کی انتہا پسندانہ سوچ اور جنگی عزائم خطے کے امن کے لئے خطرہ ہیں، انہوں نے کہا کہ کشمیریوں اور انکی شناخت مٹانے کا بھارتی حربہ ناکام ہوگا۔بھارت کی ریاستی دہشت گردی کشمیریوں کے جزبہ حریت کو دبانہیں سکتی۔بھارتی مظالم کی زنجیریں ضرور ٹوٹیں گی اور کشمیر آزاد ہوگا، میاں اسلم اقبال نے کہا کہ پاکستان کے 22کروڑ عوام اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔وزیر اعظم عمران خان نے مظلوم کشمیریوں کا سفیر بن کر دنیا بھر میں آواز بلند کی کشمیریوں کو انصاف کی فراہمی کے لئے عالمی اداروں کو خاموشی توڑنی ہوگی۔