خان صاحب یہ کیا ہے، کوئی ادارہ آپ کے سیاسی کام نہ کرے تو اسے غدار ڈیکلیئر کر دیں، قمر زمان کائرہ
مشیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ خان صاحب یہ کیا ہے، کوئی ادارہ اپنے آئینی رول میں رہے اور آپ کے کوئی سیاسی کام نہ کرے، تو آپ اس پر چڑھ دوڑیں اور اس کو غدار ڈیکلیئر کر دیں۔سرکاری خبر رساں ادارے ’اے پی پی‘ کے مطابق اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ خان صاحب یہ کیا ہے کہ کوئی ادارہ آپ کے ساتھ چلے اور آپ کو اقتدار تک سہولت فراہم کردے، آپ کی باتیں مانیں تو آپ کہیں کہ آپ اتنے عظیم سپہ سالار ہیں کہ آپ کو طویل عرصے تک توسیع لینا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ اگر وہ کہیں کہ ہم نے اپنے آئینی رول میں رہنا ہے، آپ کے کوئی سیاسی کام نہیں کریں گے، تو آپ اس پر چڑھ دوڑیں اور آپ اس کو غدار ڈیکلیئر کر دیں، اور اگر آپ کے ساتھ چلیں تو محب وطن اور عظیم سپہ سالار ہیں۔