کوشش ہو گی لانگ مارچ کی صورتحال سول آرمڈ فورسز کنٹرول کریں: وزیر دفاع خواجہ محمد آصف
اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ عمران خان نے افواج پاکستان کو نشانہ بنایا، وہ اپنے مفاد کیلئے ہر بات کی قیمت لگانے کو تیار ہو جاتے ہیں، عمران خان قوم کو ایک ایسے موڑ پر لے آئے ہیں جس کا محور صرف ذاتی اقتدار ہے، پاکستان کی سالمیت، بیگناہوں کے خون اور اداروں کی ساکھ کی ان کے نزدیک کوئی اہمیت نہیں، ہماری کوشش ہو گی کہ لانگ مارچ کی صورتحال سول آرمڈ فورسز کنٹرول کریں تاکہ ایسی صورتحال پیدا نہ ہو۔پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ عمران خان قوم کو ایسے موڑ پر لے آیا ہے جس کا محور ذاتی اقتدار ہے، اس کے علاوہ پاکستان کی سالمیت، بیگناہوں کا خون اور پاکستان کے ادارے جنہیں انہوں نے ٹارگٹ بنایا ہوا ہے، کی کوئی اہمیت نہیں، عمران خان جب اقتدار میں تھے ۔ انہوں نے کہا کہ قوم براہ راست مطلع ہوگئی ہے کہ وہ کیا کرتے تھے۔
خواجہ محمد آصف نے کہا کہ اداروں نے فیصلہ کیا کہ ہم نے غیر سیاسی رہنا ہے لیکن اس فیصلے پر عمران خان نے نیوٹرل کے لفظ کو گالی بنا دیا کیونکہ انہوں نے غیر آئینی کردار ادا کرنے سے انکار کیا تو غداری کے القابات دینے لگ گئے جو اس شخص کا اصلی روپ ہے، جو شخص اپنی والدہ کے نام پر ہسپتال کھول کر اس کا مال خورد برد کر جائے جس کا فارن فنڈنگ کیس میں بھی ذکر ہے، جسے اپنی والدہ کے نام پر بنائے ہسپتال کا تقدس نہیں تو اسے کسی چیز کا کیا تقدس ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ آج عمران خان کا پاکستانی قوم سے اصلی اور تفصیلی تعارف کرایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ادارے کا یہ فیصلہ ہے ہم اس کا احترام کرتے ہیں ۔ ہم 75 سال سے اس کا مطالبہ کر رہے تھے اور اگر آج ہم نے یہ منزل پا لی ہے تو بجائے اس کا تحفظ کرتے ہم نے اسے گالی بنا دیا کیونکہ یہ عمران خان کے مفادات سے مطابقت نہیں رکھتے، عمران خان تمام اداروں کو اپنی ذات کے تابع بنانا چاہتا ہے جس میں پارلیمنٹ، عدلیہ، الیکشن کمیشن اور افواج پاکستان شامل ہیں، عمران خان فرد واحد کی حکمرانی قائم کرنا چاہتا ہے۔