جوڈیشل کمیشن نے چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ اقبال حمید الرحمن کی سپریم کورٹ میں بطورجج تعیناتی کی سفارش کی ہے۔
جوڈیشل کمیشن کا اجلاس چیف جسٹس افتخارمحمد چوہدری کی صدارت میں سپریم کورٹ اسلام آباد میں ہوا۔ اجلاس میں سپریم کورٹ کے چارسینیئر جج صاحبان، وزیر قانون فاروق ایچ نائیک، اٹارنی جنرل عرفان قادراورپاکستان بار کے نمائندے ڈاکٹر خالد رانجھا شریک ہوئے۔ شرکاء نے جسٹس شاکراللہ جان کی ریٹائرمنٹ کے بعد چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ اقبال حمید الرحمن کی بطورجج تعیناتی کی سفارش کی۔ دوسری جانب چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کے لیے سینیئر جج جسٹس انورکانسی کا نام پیش کیا گیا۔ تاہم وزیر قانون، اٹارنی جنرل اور ڈاکٹر خالد رانجھا کی جانب سے اعتراض کے بعد کمیشن کوئی فیصلہ نہ کرسکا۔ جوڈیشل کمیشن نے اقبال حمید الرحمن کا نام پارلیمانی کمیٹی برائے ججز تعیناتی کو بھجوادیا ہے۔