پاکستان یورپی یونین مختلف شعبوں میں ملکرکام کرنے پرمتفق
پاکستان اوریورپی یونین نے تجارت ،سرمایہ کاری ، ترقی، ترک وطن اور امن وسلامتی کے شعبوں میں تعاون مستحکم بنانے کے لئے ملکر کام کرنے پراتفاق کیاہے۔یہ اتفاق رائے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی اور خارجہ امور اور سیکورٹی پالیسی کے بارے میں یورپی یونین کی اعلیٰ نمائندہ فیڈریکا موغرینی کے درمیان ملاقات میں ہوا۔ملاقات میں انہوں نے پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان تجارت کے بارے میں جی ایس پی پلس کا درجہ دینے میں یورپی یونین کی مثبت حیثیت کو بھی اجاگر کیا۔وزیرخارجہ ے یورپی یونین کی اعلیٰ نمائندہ کو علاقائی صورتحال کے بارے میں آگاہ بھی کیا اور اس بات کااعادہ کیاکہ افغانستان میں پائیدار امن کے لئے افغان حکومت کی سرپرستی میں امن عمل ہی واحد حل ہے۔انہوں نے کہاکہ افغانستان میں امن واستحکام پاکستان اورخطے کے بہترین مفاد میں ہے۔ شاہ محمودقریشی نے پاکستان اوریورپی یونین کے درمیان تذویراتی مذاکرات کے لئے یورپی یونین کی اعلیٰ نمائندہ کو اس سال نومبر میں پاکستان کے دورے کی دعوت دی۔