قانون کے یکساں نفاذ پر کسی قسم کا سمجھوتا ممکن نہیں:- وزیراعظم عمران خان
وزیر اعظم عمران خان اور پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا، گفتگو کے دوران ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، اس موقع پر ماڈل ٹاؤن میں قتل عام کا نشانہ بننے والوں کو انصاف کی فراہمی کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نہتے شہریوں کے خون سے ہاتھ رنگنے والوں کو نظام عدل سے فرار کی اجازت نہیں دی جاسکتی، قانون کے یکساں نفاذ پر کسی قسم کا سمجھوتہ ممکن نہیں، دیوانی و فوجداری مقدمات میں فوری انصاف تحریک انصاف کی حکومت کی اولین ترجیحات میں سے ایک ہے،وزیر اعلیٰ پنجاب ماڈل ٹاؤن میں قتل عام کے ذمہ داروں کیخلاف کارروائی یقینی بنائیں، وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ واقعے میں ملوث افراد کو مناصب سے الگ کرکے بلاتفریق کٹہرے میں لایا جائے، ڈاکٹر طاہر القادری کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے ماڈل ٹاؤن میں قتل عام کا نشانہ بننے والے خاندانوں کو امید کی کرن دی ہے، قانون کی بالادستی کیلئے وزیر اعظم پاکستان کا ویژن قابل تحسین ہے، انصاف کی امید دلانے پر وزیر اعظم پاکستان کے مشکور ہیں۔