یمن میں جنگی جرائم کی تفتیش جاری رہے گی۔ ہیومن رائٹس کونسل
اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی کونسل نے واضح کیا ہے کہ یمن میں متحارب فریقین کی جانب سے جنگی جرائم کے ارتکاب کی چھان بین جاری رہے گی۔ جرمن نشریاتی ادارے کے مطابق ان جنگی جرائم کے بارے میں ایک رپورٹ کونسل کو پیش کر دی گئی ہے۔ انسانی حقوق کی کونسل نے ان جنگی جرائم کی تفتیش کے لیے ماہرین ایک سال قبل نامزد کیے تھے۔ ان تفتیش کاروں کی ٹیم کے سربراہ تیونس کے انسانی حقوق کے وکیل کمال الجندوبی ہیں۔ الجندوبی نے ایک بیان میں یمن کی صورت حال کو انتہائی تشویشناک قرار دیا ہے۔ اس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ تمام مسلح فریق جنگی جرائم کے مرتکب ہوئے۔