الیکشن ٹربیونل کا ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کے حلقے میں دوبارہ الیکشن کرانے کا حکم
الیکشن ٹربیونل نے این اے 265 کا الیکشن کالعدم قرار دیتے ہوئے ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کے حلقے میں دوبارہ الیکشن کرانے کا حکم دے دیا۔ این اے 265 کا الیکشن کالعدم قرار دینےسے متعلق کیس کی سماعت جسٹس عبداللہ بلوچ نے الیکشن ٹربیونل میں کی۔ جس میں جسٹس عبداللہ بلوچ نے گزشتہ سماعت پر محفوظ کیے جانے والا فیصلہ سنا دیا۔ الیکشن ٹربیونل نے این اے 265 کا الیکشن کالعدم قرار دیتے ہوئے ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کے حلقے میں دوبارہ الیکشن کرانے کا حکم دے دیا۔یاد رہے کہ جسٹس عبداللہ بلوچ نے گزشتہ سماعت پر کیس کا فیصلہ محفوظ کیا تھا جبکہ نادرا کی جانب سے بھی این اے 265 کےووٹوں کی بائیومیٹرک رپورٹ بھی ٹربیونل میں جمع کرائی گئی تھی اورنادرا نے اپنی رپورٹ میں 52ہزار سے زائد ووٹوں کی عدم تصدیق کی نشاندہی کی تھی۔این اے 265 سے ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کامیاب ہوئے تھے اور لشکری رئیسانی نے قاسم سوری کی کامیابی کو چیلنج کیا تھا۔ ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق الیکشن کمیشن ٹریبونل کےتحریری فیصلے کا جائزہ لے گا،جس کےبعد سیٹ کوخالی قراردیاجائےگا اورخالی نشست پرنئے انتخابات کا شیڈول جاری کیاجائےگا تاہم قاسم سوری الیکشن ٹریبونل کا فیصلہ ہائی کورٹ میں چیلنج کرنےکا حق رکھتےہیں۔ دوسری جانب ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے الیکشن ٹربیونل کا فیصلہ ہائیکورٹ میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ان کا کہنا تھا کہ وکلاء کے ساتھ مشاورت کرکے ہائیکورٹ میں فیصلہ چیلنج کیا جائے گا۔