شیخ رشید کی نون لیگ میں 3گروپ بننے کی پیش گوئی
اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ 2 سال پہلے کہا تھا "ن" میں سے "م" نکلے گی، "ن" میں سے کچھ اور نکلتا بھی دیکھ رہا ہوں،اب دو کے بجائے نون لیگ میں 3 گروپ بنیں گے۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کہتے ہیں پی ٹی آئی زندہ دفن ہوجائے گی، شہبازشریف کوضمانت دیتےہیں کہ 2023 کے انتخابات شفاف اور غیر جانبدارانہ ہوں گے، الیکشن کمیشن اور حکومت قریب آرہے ہیں جوڈو کراٹے کا ماحول کم ہورہا ہے، سیاسی طور پر نیا سیاسی ماحول ہوگا، ن لیگ انتشار کا شکار ہو رہی ہے ، مغلیہ خاندان کی تاریخ بھی سیاسی دشمنی کے انہی واقعات سے بھری پڑی ہے۔ شیخ رشید کاکہنا تھا کہ ملک میں سائبر کرائم میں بہت زیادہ اضافہ ہو گیا،ایک سال میں ایک لاکھ شکایات آئی ہیں۔ ان کو 2 ارب کا بجٹ جاری کررہے ہیں ۔ ان کاکہنا تھا کہ ملک میں 60 کروڑ 61 لاکھ کی ویکسینیشن ہوچکی ہے ، نادرا کو ہدایت کی ہے کہ ویکسینیشن سرٹیفکیٹ سے متعلق کوئی غلطی نہ ہو۔ جعلی ویکسی نیشن کے معاملے میں نادرا کا کوئی قصور نہیں، بلیک لسٹ شناختی کارڈ پر ویکسینیشن کی تحقیقات کررہے ہیں۔ وفاقی وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ یک سازش کے تحت اس ملک کے شناختی کارڈ،ویکسین اور پاسپورٹ کو بدنام کیا جارہا ہے ، آ ن آرائیول ویزے کی سہولت 50 ممالک سے بڑھا کر 65 کرنے جارہے ہیں ، پاسپورٹ اور شناختی کارڈ کی سیکیورٹی کے لئے 15 مزید فیچرز لارہے ہیں، پاکستان خطے میں ای پاسپورٹ جاری کرنے والا پہلا ملک ہو گا۔ ان کا کہنا تھا کہ طورخم اور چمن میں آئی وی ایم ایس لگا دیا گیا ہے، آنے جانے والوں کا ڈیٹا اب موجود ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ دو دن جو اسلام آباد کی سڑکوں پر گولیاں چلی ہیں اس کی وجہ بنی گالہ کی پراپرٹی کے مسائل ہیں، اسلام آباد ایک حساس علاقہ ہے اسلام آباد کو کھلواڑ نہ بنایا جائے ۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ نیوزی لینڈ سے متعلق انٹرپول سے رابطے میں ہیں جلد اچھی خبریں دیں گے، دورہ نیوزی لینڈ کی منسوخی میں ملوث افراد کو بے نقاب کریں گے۔پاکستان میں ٹی ٹی پی،القائدہ داعش کا خطرہ موجود ہے لیکن فوج ہر طرح کے خطرے سے نمٹنے کے لیئے تیار ہے۔