آڈیو لیکس سنجیدہ معاملہ، مریم نے فیور نہیں مانگی: وزیراعظم شہباز شریف کا کمیٹی بنانے کا اعلان
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آڈیو لیکس بہت سیریس معاملہ ہے، اس طرح کا سیکیورٹی لیپس بہت بڑا سوالیہ نشان ہے، ایسے ماحول میں وزیراعظم ہاؤس میں آنے والے باتیں کرتے ہوئے سو بار سوچیں گے، مریم نوازنے راحیل داماد کے بارے میں کوئی سفارش نا کوئی فیورمانگی، معاملے کا نوٹس لیکر ہائی پاور کمیٹی بنا کر تہہ تک پہنچیں گے۔ ایوان صدر میٹنگ بارے علم نہیں، مجھے نہیں پتا، ایوان صدرمیں کونسی میٹنگ ہوئی۔ اپنے دورہ امریکا اور اقوام متحدہ اسمبلی میں خطاب سے متعلق نیوز کانفرنس کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ سمرقند میں حوصلہ افزا میٹنگ ہوئیں، چین، روس کے صدور سے بھی ملاقاتیں ہوئیں، سیلاب نے بہت تباہی مچائی،سمرقند میں عالمی لیڈروں کوسیلاب کی تباہی بارے آگاہ کیا، عالمی برادری نے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی، نیویارک میں بھی عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں ہوئیں۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب سے 1600 سے زائد افراد جاں بحق ہوئے، قدرتی آفت سے 30 ارب ڈالر کے لگ بھگ نقصانات ہوئے ہیں، جس کا میں نے ہر اجلاس میں چاہے وہ ایران کے صدر یا فرانس کے صدر، بیلجیم اور جاپان کے وزرائے اعظم ہوں اور امریکی صدر جوبائیڈن سےبھی ملاقات کی اور پاکستان کے ساتھ اظہار ہمدردی پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ جنرل اسمبلی میں کشمیر، اسلاموفوبیا، فلسطین کے حوالے سے پاکستان کا موقف پیش کیا،مقبوضہ کشمیرمیں مسلمانوں کے ساتھ ظلم کیا جارہا ہے،کاربن کے اخراج میں پاکستان کا حصہ ایک فیصد سے بھی کم ہے، جنرل اسمبلی میں پاکستان کا بھرپورموقف پیش کیا، بلاول بھٹوکی بھرپورمعاونت شامل تھی۔ کاربن کے اخراج میں پاکستان کا حصہ ایک فیصد سے بھی کم ہے،پاکستان میں سیلاب ہمارے ناکردہ گناہوں کی سزا ہے۔