مریم اورنگزیب کو ہراساں کرنے والوں کے کریکٹر سرٹیفکیٹس منسوخ کریں گے: عطا اللہ تارڑ
وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے نارکوٹکس عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ مریم اورنگزیب کو ہراساں کیا گیا جو بے حد افسوسناک ہے، کوشش ہوگی کہ ایسے لوگوں کے کریکٹر سرٹیفکیٹس منسوخ کیے جائیں اور برطانیہ کے داخلہ آفس کو ان کی تصاویر کے ساتھ آگاہ کیا جائے گا۔سرکاری خبر ایجنسی اے پی پی کے مطابق اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ان کا کہنا تھا کہ جب یہ کارروائی آگے چلے گی تو سمندر پار پاکستانیوں کے لیے شناختی کارڈ (نائیکوپ) اور پاسپورٹ کی بھی منسوخی ہو سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کے ساتھ جو واقعہ پیش آیا وہ بے حد افسوسناک ہے اور اس حوالے سے مریم اورنگزیب کے حوصلے کی داد دیتے ہیں کہ جس طرح انہوں نے برداشت کا مظاہرہ کیا مگر یہ رویہ بہت زیادہ دیر تک نہیں چل سکتا، جن لوگوں نے وہاں پر ان کا پیچھا کیا ،ان کو ہراساں کیا اس کے حوالے سے میں نے ایک درخواست تیار کی ہے جو وزارت داخلہ میں جمع کراؤں گا۔ان کا کہنا تھا کہ جب بھی کوئی پاکستانی ملک سے باہر جاتا ہے اور ویزا کی درخواست دیتا ہے تو پولیس کی طرف سے، حکومت پاکستان کی طرف سے اچھے کریکٹر کا سرٹیفکیٹ جاری کیا جاتا ہے یعنی ویزا جاری کرنے والے ملک کو یقین دہانی کرائی جاتی ہے کہ مذکورہ شخص کے خلاف کوئی کیس یا دیگر جرائم نہیں ہیں مگر جس طرح کھلے عام مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کو زدو کوب کرنے اور ہلڑ بازی کا سلسلہ اور ٹرینڈ چل پڑا ہے یہ ناقابل قبول بھی ہے اور ناقابل برداشت بھی ہے۔