میاں صاحب کو آئین اور قانون سے آگے بڑھ کر فیصلہ نہیں سنانا چاہیے، اگر وہ احتجاج کریں گے تو پیپلز پارٹی بھی پیچھے نہیں ہٹے گی۔ قائم علی شاہ
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعلی سندھ قائم علی شاہ نے مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ قائم علی شاہ کا کہنا تھاکہ میاں صاحب کو عقل کے ناخن لینا چاہیے، آئین میں وزیراعظم کو غیر فعال کرنے کا طریقہ کار موجود ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم گیلانی آج بھی آئینی وزیراعظم ہیں ، چند آدمیوں کے کہنے سے وزیراعظم غیر فعال نہیں ہو جائیں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ میاں صاحب کو انتظار کرنا چاہیے، کورٹ کا تفصیلی فیصلہ آنا باقی ہے ۔ میاں نواز شریف کی جانب سے احتجاج کے اعلان کے حوالے سے بات کرتے ہوئے قائم علی شاہ نے کہا کہ اگر میاں صاحب نے احتجاج کا راستہ اختیار کیا تو پیپلز پارٹی بھی پیچھے نہیں ہٹے گی، وہ اسلام ااباد کی طرف مارچ کریں گے تو پیپلز پارٹی لاہور کی طرف کرے گی ۔